ہم 6 ماہ آئی ایم ایف شرائط کیخلاف کھڑے رہے ، موجودہ حکومت مان گئی
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے ہم 6 ماہ آئی ایم ایف شرائط کیخلاف کھڑے رہے ، موجودہ حکومت مان گئی ، سابق وزیر خزانہ نے کہا ہم نے بجلی مہنگی کرنے سے انکا رکردیا تھا۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹر شوکت ترین کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی حکومت تو پہلی مرتبہ آئی تھی، جومعیشت ملی اس کی وجہ سے ہم آئی ایم ایف کے پاس گئے۔
انھوں نے واضح کیا کہ میں نے آئی ایم ایف کو کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھیں گے اور نہ 700 ارب روپے کے ٹیکسز لگیں گے،پٹرول پر سبسڈی دیتے بھی انھیں بتایا کہ اپنے عوام کور یلیف دینا ہمارا فرض ہے۔
تحریک انصاف کے سینیٹر شوکت ترین کا کہنا ہے رواں برس مارچ میں ایک معتبر شخصیت کے پاس گیا، انہیں بتایا کہ معیشت بڑھ رہی ہے، تسلسل نہیں دیں گے تو معیشت بکھر جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم 6 ماہ آئی ایم ایف کے سامنے کھڑے رہے کہ آپ کی شرائط پر عوام پر بوجھ نہیں ڈال سکتے لیکن موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم روس سے معاہدے کرتے اور سستا تیل لیتے، ہماری ریفائنری کے ڈیزل کا مارجن 14 روپے تھا جو ان کی حکومت میں 70 روپے ہو چکا ہے۔
سینیٹر شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ان کو ڈنڈے مارنے شروع کر دیے، یہ حکومت عوام کے مفاد میں آئی ایم ایف کے سامنے ایسے کھڑی نہیں ہوئی جیسے ہم کھڑے ہوئے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شوکت ترین نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت استعفیٰ دے اور فوری الیکشن کرائے، انھوں نے کہاجب تک یہ بے سمت ٹولہ مسلط رہا ملک کو نقصان ہوتا رہے گا۔
Comments are closed.