بلاول نے امریکہ میں عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کیا
نیویارک(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کے تحت دورہ کیا تھادورہ روس پر پاکستان کو قصور وار ٹھہرانا غلط ہے۔
نیو یارک میں کی گئی پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے خارجہ پالیسی کے تحت روس کا دورہ کیا تھا، ہم جنگ دیکھ دیکھ کر تھک گئے ہیں، ہمارے بچے، خواتین شہید ہوئے ہیں، ہم سمجھتے ہیں جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ سیاسی طور پر پاکستان میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر پاکستان میں یکسوئی ہے کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھاتے رہیں گے.
انھوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور ظلم ہورہا ہے، بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، مسلمانوں کو اقلیت میں بدل رہا ہے، کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے بھارت سے تعلقات میں تناؤ ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی اور غاصبانہ اقدامات اٹھائے، متنازع علاقے کے حوالے سے عالمی قوانین، قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، جنوبی ایشیا کے امن واستحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں انتہاپسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا، افغانستان کو انسانی بحران کا مسئلہ درپیش ہے افغان بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، امریکا کے ساتھ کسی ایک مخصوص معاملے کے بجائے وسیع البنیاد تعلقات چاہتے ہیں.
Comments are closed.