آرمی چیف نے ایل او سی کوٹلی سیکٹر میں جوانوں کےساتھ عید منائی
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر کا دورہ کیا اور عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی۔
آئی ایس پی آر اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے دوران پاکستان کی سلامتی ،امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں.
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جوانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور اُن کے حوصلے کی داد دی۔
اس سے قبل ڈونگی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا، اور انھیں آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی.
آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے دشوار گزار اور پرخطر علاقوں میں مسلح افواج کے جوانوں نے اگلے مورچوں پر عید کا روز روایتی انداز سے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے مسلح افواج کے افسران نے بھی اگلے محازوں پر جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دشمن کے سامنے سینہ سپر جرات و بہادری کی مثال بنے وطن کے یہ محافظ عید کے موقع پر اپنے گھر سے تو دور ہیں مگر پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
Comments are closed.