پرویز اشرف اسپیکر قومی اسمبلی منتخب، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری مستعفی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) راجہ پرویز اشرف اسپیکر قومی اسمبلی منتخب، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری مستعفی ہو گئے، راجہ پرویز اشرف نے منتخب ہونے کے بعد حلف اٹھایا اور ایوان کی صدارت شروع کردی۔

پینل آف چیئرمین کے رکن ایاز صادق نے راجہ پرویز اشرف کے بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعلان کیا بعد میں ایاز صادق نے ہی نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کے عہدہ کا حلف لیا۔

اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر( قائم مقام اسپیکر )قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ، قومی اسمبلی اجلاس میں آج قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا،اس حوالے سے قاسم سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ میری پارٹی کے وژن کی علامت ہے۔

انھوں نے کہا میرا استعفیٰ پارٹی کی شاندار وراثت سے وابستگی کی علامت ہے، استعفیٰ جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے،
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری،سالمیت پرکبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

ملکی مفادات اورآزادی کیلئے لڑیں گے ، پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی بھی حدتک جائیں گے، بعد میں ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی اور ضابطے کی کارروائی آگے بڑھائی۔

پرویز اشرف نے ابتدائی کلمات میں چیئرمین و شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری اور بلاول بھٹوزردای کا شکریہ ادا کیا اور اسمبلی کو قواعد کے مطابق چلانے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف، خواجہ آصف اور بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر کو مبارکباد دی، اور بلاول بھٹو اپوزیشن نہ ہونے کے فائدہ اٹھاتے ہوئے سابق حکومت کے خلاف کھل کر تنقید کی ۔

Comments are closed.