کے پی بلدیاتی الیکشن، تحریک انصاف کا بھرپور کم بیک، 32 سیٹس پر برتری
پشاور،مٹہ،ایبٹ آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی بھر پور کم بیک، 2 سٹی میئر سمیت 32 نشستوں پر برتری حاصل ہے.
آخری اطلاعات تک غیر حتمی نتائج کے مطابق ایبٹ آباد، سوات، مٹہ، درگئی ،بٹگرام ، لوئر تناول سمیت کئی تحصیلوں میں ن لیگ اور جے یو آئی کے امیدوار ہار گئے.
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے 18 اضلاع میں ہونے والے اس الیکشن کے سلسلے میں کل 32 تحصیل میئر کی نشستوں کے ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں حکمراں جماعت تحریک انصاف 63 میں سے 32 تحصیل میئر کی نشستوں پر برتری حاصل کرنےمیں کامیاب رہی ہے، بالاکوٹ میں ن لیگ آگے.
رات گئے تک کسی بھی تحصیل میئر کی نشست کا مکمل نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ جبکہ خیبرپختوںخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں برتری حاصل کرنے والی اپوزیشن جماعتیں اس مرتبہ کافی پیچھے ہیں۔
غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کو 16 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی ہے۔ جے یو آئی ف کو 11، مسلم لیگ ن کو 4 جبکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو 1،1 نشست پر برتری حاصل ہے۔
خیبرپختونخواہ کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، سوات، ملاکنڈ، شانگلہ، لوئر دیر، اپر دیر، چترال، کرم، اوکزئی، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں جمعرات کے روز پولنگ ہوئی۔
سوات میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت پی ٹی آئی کو برتری حاصل ہے۔ 7؍ تحصیل کونسلوں میں سے 6؍ تحصیلوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار آگے ہیں.
ایک تحصیل میں جے یو آئی کو برتری حاصل ہے۔ سٹی کونسل بابوزئی سے پی ٹی آئی کے امیدوار شاہدعلی خان کو برتری حاصل ہے، تحصیل مٹہ میں وزیراعلیٰ کے بھائی عبداللہ خان آگے ہیں.
تحصیل خوازہ خیلہ میں پی ٹی آئی کے ایم این اے ڈاکٹر حیدرعلی کے بھتیجے آفتاب علی ،بحرین میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے میاں شرافت علی کے کزن میاں شاہدعلی ،تحصیل کبل میں پی ٹی آئی کے سعید خان کی سبقت ہے.
تحصیل بریکوٹ میں صوبائی وزیر ڈاکٹر امجدعلی کے بھانجے کاشف علی کو سبقت حاصل ہے جبکہ تحصیل چارباغ میں جے یو آئی کے احسان اللہ کاکی آگے جارہے ہیں۔
سوات میں تحصیل کونسلوں کے لئے 993 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے، ضلع سوات میں اور خاص کر مٹہ تحصیل میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کا قوی امکان ہے.
آخری نتائج آنے تک وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے بھائی عبداللہ خان واضح اکثریت سے بھاری لیڈ لیکر سب سے آگے تھے اور قوی امکان ہے کہ عبداللہ خان آ سانی سے مٹہ تحصیل کے چیرمین منتخب ہوجائیں گے.
اسی طرح سوات کی دیگر تحصیلوں میں پاکستان تحریک انصاف کے مئیر اور چیرمین کی امیدوار بھی دیگر امیدواروں سے برتری لئے ہوئے تھے۔
جاری ہے
Comments are closed.