پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ چل پڑا، پی ٹی آئی کا سندھ میں رواں دواں

فوٹو: اسکرین گریب

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ چل پڑا، پی ٹی آئی کا سندھ میں رواں دواں ہے، بلاول بھٹوزرداری کہتے ہیں سلیکٹڈ سے حساب مانگیں گے، شاہ محمود قریشی بولے 3سال کا حساب دیں گے 15سال کا لیں گے۔

پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا مزار قائد سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد آغازہوا،کارکنوں کی بڑی تعداد اجتماع میں شریک تھی، بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہاہمارا یہ عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے، عوام کے پیٹ پر حملہ کرنے والے حکمرانوں سے حساب لیں گے،
ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے ہر صوبے کے حقوق پر ڈاکے مارے ہیں جب کہ مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، لیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے،پی ٹی آئی اور ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکہ مارا ہے اور اب کٹھ پتلی کے جانے کا وقت آگیاہے،اس نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ، ہم قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کے لیے نکلے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نہ صرف 1973 کے آئین کا تحفظ کریں گے بلکہ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے، جب بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوا ہے وہ پیپلز پارٹی دور میں ہوا ،عمران خان نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے۔

بلاول بھٹو نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئیں، بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہم نکلیں گے تو بنی گالہ سے چیخیں نکلیں گی اور اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کو 3سال کا حساب دیں گے ان سے15سال کا مانگیں گے، شاہ محمود قریشی

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں لانگ مارچ سندھ میں رواں دواں ہے،
شاہ محمود قریشی نے سندھ حقوق مارچ کے شکارپور پہنچنے کے بعد شرکا سے خطاب کیا۔

انھوں نے کہا کہ شہر یار خان مہر سندھ کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور سنا ہے آج بلاول بھٹو پنجاب کے لیے نکل رہے ہیں،نریندر مودی اور بلاول بھٹو کو ایک ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ 3 سال قبل مودی سرکار نے جارحیت کی اور پاکستان کی سرحدوں پر داخل ہو کر حملہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا نریندر مودی آئندہ سوچ کر پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانا، اب پاکستان میں وہ لوگ نہیں ہیں جو تمہیں ساڑھیاں پیش کرتے تھے ،ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، 26 کو تم نے حملہ کیا اور 27 فروری کو عمران خان نے جواب دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا بلاول بھٹو ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آباد آ رہے ہیں اور ہم حساب دینے کے پابند ہیں، تم تین سال کا حساب مانگو میں سندھ کی دھرتی میں بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آیا ہوں۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے دعوی کیا کہ پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں لوگوں راغب کرنے کیلئے 3.0 ، 30 ہزار روپے دیئے ہیں، زرداری ٹولے نے اپنے مفادات کیلئے سندھ کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

لکھی غلام شاہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹا جا رہا ہے، بلاول سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں بے امنی کا ذمہ دار کون ہے؟ آئی جی، ایس پی کس کے تابع ہیں؟

Comments are closed.