ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل شہداء کی قبروں سے ہے، بلاول

گڑھی خدا بخش(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اقتدار ملنے کا وقت جلد آنے والا ہے،جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی،بلاول بھٹو سب غریبوں کی تقدیر بدلے گا۔

گڑھی خدابخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھٹو شہید سے لے کر میری حکومت تک عوام کی خدمت کی ہے.

انھوں نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ ہمیں پاکستانی عوام کی خدمت کرتے ہوئے اٹھائے، ساتھ یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام کا نصیب نہیں کہ ہم ہمیشہ غریب ملک رہیں، ہم امیر ملک ہیں، مگرمعافی ہے ان کے دماغ کی، جن کو عقل نہیں ہے.

آصف علی زرداری نے کہا مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میں اپنے کارکنان میں کھڑا ہوں، ورکروں کے ساتھ کیے سارے وعدے پورے کریں گے، پیپلزپارٹی ہی پاکستانی عوام غریبوں کے نصیب کو بدل سکتی ہے.

انھوں نے دعویٰ کیا کہ آپ لوگوں کوکام کرنے کیلئے باہر بھیج سکتے ہیں، برآمدات بڑھا سکتے ہیں، مگر یہاں وقت اور سوچ کی کمی رہتی ہے، جو کہا جاتا ہے وہ بھی سمجھنے اور کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

۔اس سے قبل جلسے سے خطاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاکہ 14سال گزر چکے ہیں ہم آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہیں، شہید بی بی کے پاکستان کے یاد کرتے ہیں.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بی بی آج آپ کا پیارا پاکستان مشکل میں ہے، پاکستان میں جمہوریت نام کی ہی رہ گئی ہے، بولنے ، جینے، سانس لینے کی آزادی نہیں ہے، پاکستان معاشی طور پر بھی نقصان میں ہے، عوام لاوارث ہوچکے ہیں.

انھوں نے کہا ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم نے جمہوریت کو بحال بھی کیا ، شہید محترمہ بے نظیر کی جمہوریت ، وفاقی نظام کی بحالی کیلئے ہم نے 18ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمان کو سارے اختیارات دیے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں
کبھی آراو اور کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن ہوا، جمہوریت پر حملے ہوتے رہے، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا، آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور نالائق وزیراعظم کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، شہید بی بی دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکاری تھی، ہم نے ان دہشتگردوں کا مقابلہ کیا.

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، ہم نے پاکستان کا جھنڈا سوات اور وزیرستان میں لہرایا تھا، آج ہمارے شہداء کے خون، اے پی ایس کے شہید بچوں، سپاہیوں، سکیورٹی افسران کے خون پر سودا کیا جارہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ دہشتگردوں کے سامنے صدر اوروزیراعظم جھک چکے ہیں اورڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں لیکن ان دہشتگردوں کو جواب دے دیا ہے۔آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ان انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبوں کو مالی طور پر خودمختار بنایا، این ایف سی ایوارڈ، 18ویں ترمیم کی وجہ سے بلوچستان میں گوادر پورٹ بن رہا ہے، ہر صوبے میں مفت علاج کیلئے ہسپتال کھول رہے ہیں۔

انھوں نے یاد دلایا کہ اگر پنجاب کے کسی شہر میں میٹروبس بن چکا ہے تو وہ بھی 18ترمیم کی وجہ سے بنے ہیں۔ موجودہ حکومت صوبوں سے حقوق چھیننا چاہتی ہے صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ مارنے چاہتے ہیں.

چئیرمین پی پی نے کہا یہی تو وجہ ہے کہ اگر صوبوں کو وسائل نہیں دیے جائیں گے تو وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔عمران خان کی حکومت جمہوریت ، صوبائی خودمختاری اور عوام کی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔

جو چھپ کر ڈیل کرنے والوں کے ہاں شہداء کے قبرستان نہیں ہیں، بلاول نے کہا سیاست کرنے والوں کا شہیدوں کا قبرستان نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی غیرجمہوری روایات اور غیرجمہوری سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل شہداء کی قبروں سے ہے، بلاول نے کہا ہم شہر شہر جاکر محنت کریں گے، 5 جنوری کو سی ای سی لاہور میں بیٹھیں گے، حکومت کا کہانی اس شہر سے شروع ہوگی جہاں سے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی کا جانا اب دیواروں پر لکھا جاچکا ہے، سینیٹ ، ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں کٹھ پتلی کو شکست ہوئی، اگلا الیکشن اور وزیراعظم وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے ہوں گے۔

Comments are closed.