ٹانک میں پولیو ٹیم پر دوسرا حملہ،پولیس اہلکار شہید، فورسز کا سرچ آپریشن

فوٹو : فائل 

ٹانک(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ٹانک میں پولیو ٹیم پر دوسرا حملہ،پولیس اہلکار شہید، فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے،دودنوں میں لگاتار دو حملوں میں 2اہلکار شہید ہو چکے ہیں جب کہ ایک زخمی زیر علاج ہے ۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹاک کے گاؤں شادہ گرہ میں پولیو ٹیم پر دوسرے روز دہشتگر د حملہ کیا گیاہے جس کے نتیجہ میں سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار نذیر احمد شہید ہوگئے ہیں۔

بتایا گیاہے کہ گاؤں شادہ گرہ میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکار کو ہدف بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد شہید ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی میت کو اسپتال منتقل کردیا، جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔

واضح رہے کہ رواں سہ روز پولیو مہم کے آج تیسرے روز پولیو ٹیم پر یہ دوسراحملہ ہے، گزشتہ روز بھی اس ضلع کے گاؤں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا اور پولیس و ایف سی کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔

گزشتہ روز حملہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان لله نے واقعہ اور زخمی کی تصدیق کی تھی ۔

گزشتہ روز واقعہ کے بعد ڈی ایچ او ضلع ٹانک نے بتایا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا، زخمی اور شہید اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ٹانک کے ڈی پی او سجاد احمد نے کہا کہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور جلد ان کو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئیں گے.

 قومی وطن پارٹی کے ترجمان احمد نواز نے پولیو ٹیم پر ٹانک میں حملیکی مذمت کی ہے اور حملے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

دوسری طرف غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دعوی کیا تھا کہ ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ اس کے جنگجوؤں نے کیاہے۔

Comments are closed.