ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کردیاگیا اورتحریک لبیک پاکستان کے ساتھ نامعلوم معاہدے کی ایک اور شق پوری کردی گئی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی سمیت محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 487 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے گئے ہیں ۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں نے اپنی سفارشات پیش کی تھیں جن کی روشنی میں نام نکالا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فورتھ شیڈول سے نام نکالنے کے لیے متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹ پر کارروائی کی گئی اور اب تک تحریک لبیک پاکستان کے 577 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 16 اپریل 2021 کو علامہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور حالیہ احتجاجی مارچ کے خاتمہ کیلئے ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا جس کی تفصیلات وزیر داخلہ کو بھی معلوم نہیں ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اس معاہدہ کے بعد کئی بار میڈیا سے گفتگو میں اس بات کااعتراف کر چکے ہیں کہ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کے بارے میں انھیں علم نہیں ہے۔
Comments are closed.