ہمارے بھائی ہومان جاو، گولیاں چلاتے آگے بڑھے توروکنا تو پڑیگا، وزیر داخلہ

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی سے دو تین ملاقاتیں ہوئی ہیں تاہم ابھی بات بنی نہیں ہے جمعے اور ہفتے کو بھی سعد رضوی سے بات ہوگی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ معاہدیپر دستخط وزیراعظم سے پوچھ کر وزیراعظم کی مرضی سے کیے گئے، حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنا ہوتی ہے، وہ حکومت کیا ہوگی جس کی رٹ نہیں۔

شیخ رشید احمد نے پروگرام میں گفتگو کے دوران ہی کالعدم تنظیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بات آپ سے طے ہوئی ہے، آپ کے مطالبات ماننے کو تیار ہیں، ہم لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے آپ ہمارے بھائی ہیں، انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عمران خان پاکستان کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔

http://

وزیر داخلہ نے پاکستان بننے کا مطلب بھی بتا یا یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیائے اسلام کی سب سے بڑی فوج ہے، پاکستان اسلام کی دیوارِ چین ہے، پاکستان اسلام کی دفاعی لائن ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے اس لیے اندر سے کمزور کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

شیخ رشید نے باور کروایا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں، ہمارے خلاف سازشیں ہیں جو ہم پر پابندی لگانا چاہتی ہیں۔وزیراعظم عمران خان ریاست کی رٹ کو قائم کریں گے، جو وزیراعظم حکم دیں گے وزارت داخلہ اسے ماننے کی پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی طرح ہم بھی لبیک یا رسول اللّٰہﷺ اور ختم نبوتﷺ کی بات کرتے ہیں، فرانسیسی سفیر تو پاکستان چھوڑ کر جا چکا ہے، آپ اسلام آباد بیٹھ کر کیا کریں گے؟ وزیراعظم عمران خان خود اقوام متحدہ میں اسلام کا کیس لڑ چکے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں عمر کے اس حصے میں ہوں، سال ہوں یا دو سال ہوں، قوم کو سچ بتا کر مرنا چاہتا ہوں، آپ نے جو حالات پیدا کیے ہیں ان سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کل لامحالہ معاملات رینجرز کے ہاتھ دیئے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رینجرز کو تعینات کیا گیا ،انھوں نے کہا کہ بات چیت جاری ہے مگر آج کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات میں ابھی تک بات نہیں بنی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب آپ نے وعدہ کیا کہ دونوں روڈ کھول دیں گے، آپ اس پر عمل کریں، چار دن سے ہر روز کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان پر پابندیاں لگانے کی سازش کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کے پاس تو لاٹھی اور آنسو گیس ہے اور آپ سیدھی گولی مار رہے ہیں، ایسے آگے بڑھتے رہے، تو کسی نہ کسی جگہ آپ کو روکا جائے گا، جب روکا جائے گا تو نتائج کی ذمے داری آپ پر ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے اس لئے بھی لچکددکھائی کہ ہم سیاسی حکومت ہیں، عمران خان نے جتنی لچک دکھانی تھی، دکھا چکے ہیں، ہم ان کی بہت ساری باتیں مان چکے ہیں، وہ اپنے مرکز واپس جانے کی بات نہیں مان رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت کے گلے پر انگوٹھا رکھ کر اپنی بات نہیں منوائی جاسکتی، حکومت کو اپنی رِٹ قائم کرنا ہوتی ہے،ساری دنیا میں ہماری رٹ کا مذاق اُڑایا جارہا ہے، تشدد سے کبھی کامیابی نہیں ہوتی، واپس مسجد رحمتہ اللعالمین میں جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ان سے جو باتیں طے ہیں اس پر ہم قائم ہیں، جس نے بھی تشدد کیا آخرکار وہ ختم ہوا کبھی پذیرائی نہیں ملی، ہم نے اس جماعت کو کالعدم قرار دیا ہے ابھی پابندی نہیں لگائی، تمام باتیں ٹی وی پر نہیں کرسکتا ، مجھے اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔

Comments are closed.