ایک ہوتے تھے’ ڈاکٹر نعمان نیاز’سرکاری ٹی وی سے آف ایئر کردیاگیا

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)شعیب اختر کو سرکاری ٹی وی کے پروگرام سے نکل جانے کاحکم دینے والے سرکاری ٹی وی کے افسر و میزبان ڈاکٹر نعمان کو آف ایئر کردیاگیا۔

اس حوالے سے قائم انکوائری کمیٹی نے اسپیڈ اسٹار سابق فاسٹ باولر شعیب اختر کے خلاف سرکاری سپورٹس ٹی وی پر بدتمیزی اور انھیں پروگرام چھوڑ کر چلے جانے کا کہنے پر ابتدائی رپورٹ میں ڈاکٹر نعمان نیاز کو قصور وار قرار دے دیا تھا۔

واضح رہے سرکاری ٹی وی پر کچھ روز پہلے شعیب اختر سرکاری سپورٹس چینل پر دیگر لیجنڈز کے ساتھ اپنا تجزیہ پیش کر رہے تھے کہ میزبان نعمان نیاز نے ان کی باتوں سے اتفاق نہ کرتے ہوئے انہیں اٹھ کر چلے جانے کا کہہ دیا تھا ۔

اس پر جب شعیب اختر نے وضاحت جاننا چاہی تو ڈاکٹر نعمان نے بریک لے لی جب کہ بریک کے بعد شعیب اختر نہ صرف پروگرام چھوڑ کر چلے گئے بلکہ تجزیہ کرنے کے کنٹریکٹ سے بھی مستعفی ہونے کااعلان کردیا۔

جب یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو پاکستان میں بہت بڑی تعداد میں لوگ شعیب اخترکے حق میں کھڑے ہوگئے اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے رویہ کی مذمت کرتے نظر آئے،اس پر شعیب اختر نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا۔

دوسری طرف تنازع کے بعد اسپورٹس اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کہانی کا ایک رخ ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے،انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ یاد کیوں کروانا پڑ رہا ہے کہ شعیب ایک اسٹار ہے اور ہمیشہ اسٹار رہے گا۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے جہاں ڈاکٹر نعماز نیاز کو قصور وار قراردیا وہاں یہ بھی سفارش کی گئی تھی کہ فوری طور پر اینکر پرسن ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کر دیا جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایم ڈی پی ٹی وی نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو اسپورٹس پروگرام میں متبادل اینکر لانے کی ہدایت کردی جب کہ
ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنی جگہ متبادل اینکر پرسن لانے سے معذرت کرلی ہے۔

Comments are closed.