رمیض راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

لاہور( سپورٹس ڈیسک)سابق کپتان رمیض راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، پی سی بی کے گورننگ باڈی کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا۔

پی سی بی کے گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہونے والے اس خصوصی اجلاس کی صدارت بورڈ کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے کی۔

گورننگ بورڈ کے ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر ، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان نے خصوصی اجلاس میں شرکت کی،رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین ہیں ، انہیں احسان مانی کی جگہ پی س بی کی چیئرمین شپ دی گئی ہے۔

http://

چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے کے بعد رمیض راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا اور میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اُس سوچ، ثقافت اور نظریے کو متعارف کروانا ہے کہ جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنادیا تھا ہم اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں کہ جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا ایک سابق کرکٹر کی حیثیت سے ، میری دوسری ترجیح اپنے سابق اور موجودہ کرکٹرز کی فلاح و بہبود کا خیال کرنا ہوگی۔ یہ کھیل کرکٹرز سے ہے اور ہمیشہ ان ہی سے رہے گا، لہٰذا وہ اپنے ادارے سے اسی پہچان اور احترام کے مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین احسان مانی کے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد پی سی بی کے پیٹرن ، وزیراعظم عمران خان نے27 اگست کو رمیز راجہ کے علاوہ اسدعلی خان کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا تھا۔

Comments are closed.