بھارتی جارحیت کا جواب، وقت اور جگہ کا تعین خود کریں گے، پاکستان
فائل فوٹو
اسلام آباد(زمینی حقائق )پاکستان نے بھارتی جارحیت پر کہا ہے پاکستان وقت اور جگہ کا تعین کر کے اس کا جواب دے گا۔
اسلام آباد میں بھارت کی دراندازی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینئر عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس بھارتی دراندازی کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا، اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی طیاروں کی دراندازی کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
عسکری قیادت نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا، اجلاس کو پاک فضائیہ کے طیاروں کے فوری رسپانس کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں بالاکوٹ کے نزدیک مبینہ دہشت گردکیمپ کوٹارگٹ کرنے اور ہلاکتوں کا بھارتی دعوٰی مسترد کیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کی عالمی برادری کو نشانہ بنائے جانے والے علاقے کا مشاہدہ کرنیکی دعوت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے خطے کے امن وسلامتی کوخطرات سے دو چار کر دیا ہے، جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک بارپھربھارت نے خودساختہ جھوٹااورغیرمحتاط دعویٰ کیا،بھارت کے اس ڈھونگ کی بنیاد اندرونی انتخابی ماحول ہے۔
اجلاس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا اور بھارت کی جانب سے فضائی دراندازی کا معاملہ فوری طور پر عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سکیورٹی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ زمینی اور فضائی سرحدی نگرانی کا مضبوط میکنزم موجود ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے رابطے کریں گے۔