احمد مسعود کیا کرنے جارہا ہے؟
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) طالبان کے کابل پر غلبہ کے بعد افغانستان کے بعض صوبوں بالخصوص پنج شیر سے متضاد خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے پہلے مغربی میڈیاکے زریعے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ احمد مسعود امریکہ کی مدد سے طالبان کے ساتھ لڑنے کا تیار ہیں اب معاہدہ سے متعلق دعویٰ سامنے آیاہے۔
افغانستان میں طالبان کی حمایت کرنے والے افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی احمد زئی کا کہنا ہے کہ امر اللّٰہ صالح ٹھگ ہے، احمدشاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود طالبان سے امن معاہدے پر راضی ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو میں افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی احمد زئی نے انکشاف کیا کہ امر اللّٰہ صالح کو بتا دیا گیا ہے کہ وہ گھر پر رہے یا کہیں اور چلا جائے۔
حشمت غنی احمد زئی نے کہا کہ افغانستان کے لیے امن کی اشد ضرورت ہے، طالبان امن اور تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، طالبان امن اور تحفظ دیں، ہم ان کی مدد کریں گے۔
حشمت غنی نے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم طالبان کی مدد کریں گے ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ امن لانا طالبان کی طاقت ہے، معیشت اور خارجہ امور ان کی کمزوری ہیں،۔
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا آپ طالبان حکومت میں شامل ہوں گے،حشمت غنی نے جواب دیا کہ بھائی کی حکومت میں شامل ہوا، نہ طالبان کی حکومت میں شامل ہوں گا، افغان عوام کے لیے امن اور بہتری چاہتا ہوں۔
واضح رہے احمد مسعود کے بارے میں میڈیا رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ وہ طالبان کے خلاف لڑنے کیلئے تیار ہیں اور امریکی مدد چاہتے ہیں تاہم حشمت غنی کے تازہ بیان نے مزید ابہام پیدا کردیاہے۔
دوسری طر ف احمد مسعود کے چچا احمد ولی مسعود اپنے دوسرے بھائی کے ساتھ پاکستان آئے ہوئے ہیں اور طالبان حکومت میں ایڈجسمنٹ کیلئے کوشاں ہیں یعنی ایک ہی گھر سے بزرگ سیاسی حل کیلئے کوشاں اور نوجوان طالبان سے لڑنے کا خواہش مند ہے۔