پاکستان اسمارٹ فونز برآمد کرنے والے ممالک کی صف میں شامل

0

فوٹو: ٹوئٹر


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان سمارٹ فونز تیار اور برآمد کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو گیاہے اورپاکستان میں تیار ہونے والے سمارٹ فونز کی پہلی کھیپ متحدہ عرب امارات کو برآمد کر دی گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کے مطابق پاکستان سے سمارٹ فونز کی برآمد کا آغاز ہو گیا ہے اورپی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامے کے تحت انووی ٹیلی کام نے دیگر ممالک کے لیے سمارٹ فونز کی برآمدات کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ٹی اے سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ فورجی سمارٹ فونز کے 5500 یونٹس کی پہلی کھیپ مینوفیکچرڈ ان پاکستان ٹیگ کے ساتھ متحدہ عرب امارات برآمد کی گئی ہے، پی ٹی اے کمپنی کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈیوائس آئڈینٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب نفاذ اور حکومتی پالیسیوں بشمول موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کی بدولت پاکستان میں موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔

پی ٹی اے کی طرف سے انووی ٹیلی کام پرائیویٹ لمیٹڈ کو 9 اپریل 2021 کو موبائل مینوفیکچرنگ کی اجازت جاری کی گئی تھی جس کے چار ماہ کے اندر کمپنی نے پاکستان میں بنائے گئے موبائل فونز برآمد کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

پی ٹی اے نے ایک بیان میں کہا تھاپی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت، لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ برانڈ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ایم ڈی ایم کی اجازت جاری کر دی ہے۔

کمپنی نے کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.