لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بورڈکی یوم آزادی کی تقریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بورڈ ہیڈ کواٹر اسلام آبادمیں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں قومی تقاضوں کی اہمیت پر زور دیا گیا.
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد یوم آزادی کی مناسبت سے قومی ترانہ بجایا گیا ۔ شرکاء نے کھڑے ہو قومی ترانہ سنا ۔ تقریب کے دوران جشن آزادی کے پر مسرت موقعہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر لائیو اسٹاک بورڈ ڈاکٹر خورشید احمد ،پراجیکٹ منیجر لائیو اسٹاک ترقیاتی منصوبہ جات ڈاکٹر تابندہ خواجہ، ڈاکٹر محمد محسن کیانی ، ڈاکٹر شعیب سلیم ، پی ایم یو آفیسر ولید بن مشتاق، جواد احمد نیازی ، عزیز احمد لاشاری سمیت دیگر افسران اور اسٹاف ممبران شریک تھے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے لیے محنت اور لگن سے کام کریں گے اور قومی مفادات کو ہمیشہ ذاتی مفادات پر ترجیح دینگے اور خاص کر لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔
تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تعالی وطن عزیز کو ہمیشہ قائم و دائم اور دشمنوں کی چالوں سے محفوظ رکھے ۔