پاکستان نے بھارت پر عائد کی گئی سفر ی پابندی اٹھا لی
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا خدشات کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بھارت سمیت 11 ممالک کو کیٹیگری سی سے نکال دیا ہے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارت پر پابندی کی گئی سفری پابندی ختم کرتے ہوئے اس کا نام سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے دیگر ممالک میں برازیل، بھوٹان، ارجنٹائن سمیت دیگر کئی ممالک کو بھی سی کیٹیگری سے نکال دیا گیا۔
اس سے قبل سوی ایوی ایشن اتھارٹی نے سی کیٹیگری میں ان ممالک کو شامل کیا تھا جہاں کورونا کا پھیلاو انتہائی خطرناک تھا، ان ممالک سے براہ راست مسافر پروازوں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد تھی۔
بتایا گیا ہے کہ جن ممالک کو سی کیٹیگری سے نکالا گیا ہے، ان ممالک میں موجود صرف پاکستانی شہریوں کو پاکستان واپسی کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔
یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے بنا بیرون ملک سے آنے والے کسی شخص کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک فضائی سفر کیلئے بھی نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ۔
نوٹیفکیشن میں اندرون ملک فضائی سفر کیلئے 10ستمبر سے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی، اٹھارہ سال سے زائد عمر افراد مکمل ویکسی نیشن پر ہی اندرون ملک سفر کرسکیں گے۔ایک ڈوز لگوانے والے پاکستانی مسافروں کی رعایت دس ستمبر سے ختم کردی جائے گی۔