امریکی صدر کے وزیراعظم کو فون نہ کرنے کی بات نہیں کی، معید یوسف
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی، سلامتی امور معید یوسف نے کہا ہے میں نے امریکی صدر کے وزیراعظم کو فون نہ کرنےکی کوئی شکایت نہیں کی ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ کیپیٹل ہل پر کسی نے ڈومور کی بات نہیں کی، پاکستان ایک بار پھر امریکا چین تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل برطانوی میگزین نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی امور معید یوسف نے امریکی حکام سے وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر جو بائیڈن کے فون نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔
یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ معید یوسف نے کہا ہے افغانستان کے حوالے سے پاکستان جیسے اہم ملک کے وزیراعظم کو امریکی صدر کا فون نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
برطانوی میگزین فنانشل ٹائمز نے لکھا کہ معید یوسف نے یہ واضح نہیں کیا کہ پاکستان کے پاس دوسرے آپشنز کیا ہیں تاہم واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ کال کرنا کوئی ایشو ہے ہی نہیں، وہ جب کرنا چاہیں کریں۔
تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا نےمل کرکام نہ کیا تو القاعدہ جیسی بیماری دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے.