وزیر بلدیات خیبر پختونخوا اکبر ایوب خان مستعفی
ہری پور(زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیر بلدیات خیبر پختونخوا اکبر ایوب خان وزارت سے مستعفی ہو گئے ہیں جس کے بعد انھیں وزارت سے ڈی نوٹیفائی کردیاگیاہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کامران بنگش کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اکبرایوب خان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے استعفیٰ کی منظوری کے ساتھ ہی اکبر ایوب خان کو ڈی نوٹیفائی بھی کر دیا گیاہے۔
اکبر ایوب خان کا ابتدائی طور پرمستعفیٰ ہونے سے متعلق کہنا تھا کہ وہ اپنی صحت اور حلقہ انتخاب کی مصروفیات کے باعث ذمہ داریاں جاری نہیں رکھ سکتے جس کی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دینا پڑا ہے۔
اکبر ایوب نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں خدمات انجام دینا اعزاز تھا، وزارت کے لیے اعتماد پر وزیراعلیٰ کا ذاتی طور پر مشکور ہوں تاہم اب اپنے حلقہ انتخاب اور صحت پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق اکبر ایوب اپنی وزارت میں مداخلت پر ناخوش تھے جس کا انھوں نے متعلقہ قیادت سے اظہار بھی کیا تھا تاہم تدارک نہ ہونے پر انھوں نے مستعفی ہونے کو ترجیح دی۔
ذرائع کا کہناہے کہ ہزارہ ڈویژن سے ہی کسی رکن صوبائی اسمبلی کو وزارت بلدیات دینے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ اس تاثر کو زائل کیا جا سکے کہ وزیراعلیٰ بعض علاقوں کے نمائندوں کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔