افغان مسلہ پر پاکستان کی عالمی کانفرنس، وزیراعظم کا کرزئی سے رابطہ

0

فوٹو: الما نیٹر فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان کا افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جب کہ موجودہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان بھی ازبکستان میں جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر تاشقند پہنچ رہے ہیں، کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی بھی شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں حامد کرزئی سے عمران خان کے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے نہیں اپنے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے سابق افغان صدر حامد کرزئی کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمسایہ ملک میں امن کی بحالی کے لیے تمام تر کوششیں کرے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں،مذکورہ کانفرنس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی، مجوزہ کانفرنس میں حامد کرزئی سمیت اہم ترین افغان قیادت کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے

فواد چوہدری کے مطابق امید ہے کہ اس اہم پیشرفت کے نتیجے میں افغانستان کے مسائل کے حل کی نئی امید جاگے گی، ذرائع کے مطابق پاکستان افغانستان میں بندوق کے زور کی پر امن حل کی راہ کا متلاشی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر حامد کرزئی، صلاح الدین ربانی، افغان صدرکے نمائندہ خصوصی عمر داؤد زئی اور سابق وزیر خزانہ عمر زاخیل وال کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکومت بڑی بڑی باتیں کرنے کے باوجود شدید دباو کا شکارہے اور ان کو اپنی فورسز پر بھی بھروسہ کم پڑ گیاہے کیونکہ ابھی تک طالبان کے قبضے میں آنے والے علاقوں میں افغان فورسز کی نہ صرف مزاحمت کم رہی بلکہ کئی جگہوں پر ہتھیار ڈال دیئے۔

ذرائع کے مطابق طالبان نے منگل کی شب چمن کے سامنے آباد افغان شہر ویش میں لڑائی کے بعد کنٹرول حاصل کیا جبکہ افغان سرکاری فوج نے اپنی پوزیشن کے دفاع کی کوشش میں ہیلی کاپٹر گن شپ کا بھی استعمال کیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر فرینڈشپ گیٹ کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے سرحد پر ہر قسم کی ٹریفک اور آمدو رفت رک گئی ہے اور انسانی نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.