حکومت کاغیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرکے سہولیات دینے کا فیصلہ
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کر لیاہے رجسٹرڈ ہونے والوں کو ایلین کارڈ پر بینک اکاؤنٹ کھولنے، کاروبار کرنے، سسم کارڈ خریدنے اور سفری سہولتیں میسر ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ اگر غیر ملکیوں کا ویزا ختم ہوجائے تو وہ بھی وزارت داخلہ سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ وزارت داخلہ نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایک افغان گروہ گرفتار کیا جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تھا، ہماری کوشش ہے کہ جو صورتحال بن رہی ہے اس میں ہر غیرملکی کا اندراج ہو جائے تاکہ ایسے وقعات سے بچا جا سکے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف ہی آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی اور وزیر اعظم عمران خان انتخابی مہم کے لیے وہاں جائیں گے انھوں نے کہا کہ عمران خان کے ہمراہ میں بھی ہوں اور ہم انتخابی نشان بلے کے لیے مہم چلائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چمن بارڈر کو یکم سے الیکٹرانک کر دیں گے جبکہ این سی او سی طورخم سرحد ان لوگوں کے لیے کھولی جارہی ہے جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کرکے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کروں گا تاکہ طورخم سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوسکے جو سعودی عرب جانا چاہتے تھے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، اگر کابینہ انہیں کالعدم قرار دیتی ہے تو تنظیم کالعدم ہوجائے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے طنزیہ کہا کہ بلاول دل کا جانی ہے، ان کے خلاف میں کوئی بات نہیں سن سکتا، اپوزیشن کشمیر میں کیا کریں گے کیونکہ عمران خان وہاں سے جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق فیصلہ واپس نہ لینے تک بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے، منشیابت سے متعلق کہا بطور وزیر داخلہ کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان سے منشیات نہیں بلکہ باہر سے منشیات ملک میں آرہی ہے۔