آزاد کشمیر انتخابات کے آزادانہ انعقاد کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آزادکشمیر کے عام انتخابات کے آزادانہ وشفاف انعقاد کے لئے فوج اور پولیس تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
آزاد جمو ں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 25جولائی 2021کو ہو ں گے جس میں سکیورٹی اور انتخابات کے شفاف و آزادانہ انعقاد کیلئے نفری بھیجنے کی درخواست کی گئی تھی۔
آزادکشمیر کے محکمہ داخلہ کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 40ہزار اہلکاروں کی انتخابات میں تعیناتی کے لئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی، جس کی منظوری سرکلر سمری کے ذریعے گزشتہ رات دے دی گئی۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوران جس نفری کی منظوری دی گئی ہے اس میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار ،پاکستان رینجرز 2ہزار اہلکار،پاک فوج کے 19ہزار جوان شامل ہیں۔
ان کے علاوہ خیبرپختونخواہ پولیس کے 4ہزار ،پنجاب پولیس 6ہزار ،وفاقی پولیس کے ایک ہزار اہلکار ،پنجاب کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار انتخابات میں ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔
آزاد کشمیر میں انتخابی مہم زور شور سے جاری ہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بعد اب کل سے مسلم لیگ ن کی مریم نواز بھی انتخابی دورے پر نکل رہی ہیں جب کہ وزیراعظم کا بھی بعض جلسوں سے خطاب کا پروگرام ہے۔