ارسا نے پنجاب اور سندھ کو پانی فراہمی میں32فیصد کمی کردی
فوٹو: فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک میں پانی کی کمی کی وجہ سے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے پنجاب اور سندھ کو پانی کی فراہمی میں 32 فیصد کمی کردی ہے۔
اس حوالے سے ارسا ترجمان نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کو پانی کی فراہمی میں کمی فوری طور پر ہوگی، انھوں نے واضح کیاکہ پانی کی فراہمی میں کمی پانی کی موجودہ دستیابی صورتحال کے پیش نظر کی گئی۔
ارسا حکام کے مطابق اس سے پہلے پنجاب اور سندھ کو پانی کی فراہمی 23 فیصد کم کی گئی تھی لیکن پانی کی قلت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب 32 فیصد کردی گئی ہے۔
ارسا کے ترجمان کا کہناہے کہ آبی ذخائر میں کمی کے باعث صوبوں کو فراہمی کم کرنا پڑی ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو پانی کے حصے میں کمی سے استثنیٰ برقرار رکھا گیاہے۔
ارسا حکام کے مطابق پنجاب کو آئندہ نظرثانی تک 83 ہزار کیوسک جبکہ سندھ کو 74 ہزار کیوسک پانی ملتا رہے گا،ترجمان نے اس امید کااظہار کیا کہ آئندہ 48 تا 72 گھنٹے میں صورتحال بہتر ہوجائے گی۔
واضح رہے اس سے قبل تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے علاوہ دیگر دریاوں میں بھی پانی کی کمی کی وجہ سے وارننگ جاری کی گئی تھی جس پر صوبوں کو پانی کی تقسیم پر اجلاس میں شریک ہونا پڑا۔
ذرائع کے مطابق سندھ کی طرف سے پانی فراہمی میں مزیدکٹوتی پر تحفظات کے باوجود ارسا کے فیصلہ پر یہ کہہ کر اتفاق رائے کیا گیا کہ ملک میں پانی کی صورتحال کا ادراک ہے۔