شاہ محمود قریشی نے پی ایس ایل 6کودوبارہ ملتوی ہونے سے بچا لیا
کراچی( سپورٹس ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز ایک بار پھر ملتوی ہونے سے بچالئے اور بقیہ ایونٹ کی تکمیل ممکن بنا دی۔
ذرائع کے مطابق تمام تر انتظامات مکمل ہونے کے بعد بھی فرنچائز مالکان مایوس تھے اور مشکلات کے پیش نظر انھوں نے ایونٹ ملتوی کرنے کا دوبارہ مشورہ دے دیا تھا ایسے میں حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کو آ پہنچی۔
بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلیٰ اماراتی شخصیات سے رابطہ کر کے جنوبی افریقہ اور بھارت سے آنے والی فلائٹس کو لینڈنگ کی اجازت دلا کر پی سی بی حکام کو بتایا کہ رکاوٹ دور کردی گئی ہے۔
حکومت پاکستان کی طرف سے سفارتی رابطوں کے زریعے کامیابی ملنے کے بعد پی سی بی حکام نے فرنچائز مالکان کو یہ اچھی خبر سنائی تو سب کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، ذرائع کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کو پہلے ہی حکومت سے رجوع کرنا چایئے تھا۔
پی سی بی حکام نے فرنچائز اونرز کو یہ بھی بتادیا ہے کہ یو اے ای کی حکومت نے پی ایس ایل ابوظبی میں کرانے کی اجازت دی ہے لہذا اسے دبئی یا شارجہ منتقل نہیں کیا جا ئے گا ، یوں ایونٹ پر منڈلانے والے سیاہ بادل چھٹ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے پی ایس ایل کو منسوخی سے بچالیا جب کہ میٹنگ میں فرنچائز مالکان کو بتایا گیا کہ ابوظبی کی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے رابطے نے مسائل حل کرائے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ متحدہ امارات پہنچنے والوں کے شیڈول میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ہے اور اب فلائٹس ابوظبی کے بجائے کسی اور اماراتی شہر میں لینڈ کریں گی۔
یو اے ای ان فلائٹس میں پہنچنے والوں میں جنوبی افریقہ کے کرکٹرز اوربراڈ کاسٹ کریو شامل ہے ان کے بعد پاکستان کے وہ 25کرکٹرز و آفیشل بھی چارٹر فلائٹ سے ابوظہبی پہنچیں گے جنھیں بروقت ویزے نہیں مل سکے۔
ایونٹ کے ایک بار پھر ملتوی ہونے کے امکانات اس وقت پیدا ہوگئے تھے جب گزشتہ روز سکواڈز لاہور اور کراچی سے چارٹرڈ فلائٹس پر یو اے ای پہنچ گیا تھا ، مگر بھارت اور جنوبی افریقہ سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹس کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔