قانون جب سب پر لاگو ہوگاتب کرپشن ختم ہوگی، وزیراعظم
کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جب تک قانون چھوٹے بڑے پر برابر لاگو نہیں ہوگا ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوگی صرف چھوٹے کو پکڑنے کی وجہ سے نیب 23 سال سے کرپشن کیخلاف کام کرنے کے باوجود کامیاب نہیں ہوسکا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد سے ورچوئلی کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-2 (کے-2) کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر چین کی مثال دے کر کہا کہ سیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح انہوں نے بدعنوانی کے خلاف جہاد کیا ۔
عمران خان نے کہا چینی سفارت کار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تقریباً سوا 400 وزارتی سطح کے افراد کو بد عنوانی پر سزائیں دی ہیں، یہ بہت اہم ہے۔
نہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ 11 سو میگا واٹ کا نیوکلیئر پاور پلانٹ نہ صرف بجلی پیدا کرے گا بلکہ کلین انرجی پیدا کرے گا،یہ ہمارے لیے اس وجہ انتہائی اہم ہے کہ ہمارا ملک دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان سمیت 10 ممالک کو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ خطرہ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے گلیشیئرز پاکستان کے دریاؤں کا 80 فیصد پانی فراہم کرتے ہیں۔
جس تیزی سے عالمی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور گلیشیئرز پگھل رہے ہیں تو ہمیں خطرہ یہ ہے کہ اگر ہم نے اسے نہ روکا تو ہماری آنے والی نسلوں کو پانی کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہوگا کیوں کہ ہمارا ملک، ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹ دریا کے پانی پر انحصار کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا آج ہم پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں، چین کے ساتھ ہمارا منفرد تعلق ہے جو ایسا سیاسی تعلق بن چکا ہے جو عوامی سطح تک پہنچ چکا ہے، حالانکہ عوام سطح پر اتنا رابطہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے عوام کے دِلوں میں یہ بات بیٹھ چکی ہے کہ ہر مشکل وقت میں چین ہمارے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور اس وجہ سے پاکستانیوں کی چین کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔
عمران خان نے کہا چین کے ساتھ سفارتی تعلقات مزید بڑھتے جارہے ہیں اور پاکستان کی خو ش قسمتی ہے کہ ہمارا ہمسایہ دنیا کی 2بڑی عالمی طاقتوں میں پہنچ چکا ہے اور دنیا پیش گوئی کررہی ہے کہ جس تیزی سے چین آگے بڑھ رہا ہے اسے کوئی روک نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم خاص طور پر چینی صدر کو کو اس بات پر مبارکباد دیتے ہیں کہ بقول ان کے چین میں شدید غربت ختم کرلی گئی ہے، یہ 35 سال کا سفر ہے جس میں چین نے منصوبہ بندی کر کے لوگوں کو خط غربت سے نکالا، اس سے پاکستان بہت سیکھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کا تو مقصد ہی یہی ہے کہ ہمیں اپنے عوام کو غربت سے اوپر لے کر آنا ہے، چین ایسا ملک ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں، کسی اور ملک نے 35 سال کے عرصے میں 701 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔