ماہ مقدس کا جھوٹ پر اختتام کہاں کی عقلمندی ہو گی؟ فواد چوہدری

0

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رات تقریباً پونے 12بجے عید کا چاند نظر آنے کااعلان کردیا فیصلہ شہادتوں کی بنیاد پر کیا گیا کمیٹی ارکان کو چاندنظر نہیں آیا۔

پاکستان میں جب رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا ملک بھر میں لوگ نماز تراویح ادا کر چکے تھے جب کہ دیہی علاقوں میں لوگ سو بھی گئے تھے ۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت میں گھنٹوں جاری رہا اور اعلان سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے بتایا گیا کہ ابھی تک شہادتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس سے پہلے نماز مغرب کے وقفے کے دوران مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکا کہنا تھاکہ ابھی کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔

عید کا چاند نظر آنے کے اعلان میں بتایاگیاکہ بلوچستان کے کچھ علاقوں سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، شہادتوں کی تصدیق کرنے کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا گیا ہے اور فیصلے پر ارکان کے دستخط بھی لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور اور سندھ سے شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق سے طے پایا کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021 بروز جمعرات کو ہوگی اور کل عیدالفطر کا دن ہوگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ چمن اور پشاور کی زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کو موصول کیا اور تصدیق کے بعد فیصلہ کرکے ہمیں پہنچایا جس کے بعد ہم نے چاند کی رویت کے اعلان کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل کراچی، لاہور، سکھر، ملتان وغیرہ کی زونل کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اجلاس ختم کردیے تھے خود مرکزی کمیٹی میں شامل کسی رکن کو چاند نظر نہیں آیا نہ ہی اس کا ذکر کیا گیا لیکن پھر ایک ایسے وقت اعلان کردیا گیا جب چاند نظر آنا ممکن ہی نہ تھا۔

محکمہ موسمیات نے بھی واضح کردیا تھا کہ چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی دیکھا جاسکتا ہے، پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ جن حضرات نے عید سعود ی عرب کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں ہے۔، سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.