سعودی ولی عہد اور آرمی چیف کی ملاقات

0

جدہ (زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جدہ میں ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص عسکری اور دفاعی شعبوں میں تعاون اور ترقی کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں خطے میں قیام امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہااس سے قبل سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے جمعرات کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔

سعودی وزارت دفاع کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے جدہ میں پاکستان کے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا، برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات خصوصا دفاعی اور فوجی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکیورٹی اور استحکام بر قرار رکھنے کے لیے مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ با ہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آۓ۔ملاقات میں سعودی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان بھی موجود تھے۔

نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا ’میں نے اپنے بھائی پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ سعودی عرب کے موقع پر خوش آمدید کہا ۔

ہم نے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعاون اور برادر ملک پاکستان کے سا تھ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، خطے کے امن واستحکام میں معاون امور سے تعلق رکھنے والے مشترکہ دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آۓ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.