پاک سعودیہ باہمی تعاون خطے پر مثبت اثرات مرتب کرے گا، آرمی چیف

0

فوٹو : آئی ایس پی آر

راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی تعاون خطے میں امن اور سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی فوجی قیادت کے دوران ہونے والی ملاقات میں افغان امن عمل، دفاع و سلامتی اور فوجی تعاون سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں مسلح افواج کے درمیان فوجی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جب کہ سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے علاقائی تعاون، امن و استحکام بہتر بنانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر اور ملٹری اتاشی ہارون اسحاق راجا نے ان کا خیر مقدم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے،پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی سات مئی کو سعودی عرب کے تین روز دورے پر جا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.