اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کا فردوس عاشق کی ڈانٹ پر ردعمل آگیا
سیالکوٹ ( ویب ڈیسک )اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کا بھی سیالکوٹ میں وزیرِاعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی تلخ کلامی پر ردعمل سامنے آگیاہے۔
واقعہ کے کچھ دیر بعد جب وہ واپس جانے لگی تھیں تو اس دوران میڈیا کی طرف سے ردعمل مانگا گیا تو اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے کہا کہ فروٹ اگر خراب ہے تو پھر بھی بات کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔
معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف نے کہا کہ ہم روزانہ ذلیل خوار ہوتے ہیں، اوپر سے گرمی بھی ہے ایسے میں فروٹ خراب ہو گیاہے تو کیا ہوا۔
سونیا صدف نے کہا کہ اگر ایک پھل خراب بھی ہوگیا تو یہ غلطی بھی ہوسکتی ہے، انھوں نے مزید کسی سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میڈم کو وزٹ مکمل کرنے دیں پھر بات ہوگی۔
دوسری طرف چیف سیکرٹری پنجاب اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی باز پرس کرنے پرمعاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کے مقابلے میں آگئے،فردوس عاشق اعوان کے رویہ کی مذمت کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے سیالکوٹ واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے رمضان بازار میں انتظامی افسر کے ساتھ غیر مہذب برتاو کی مذمت کرتے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا وباء کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر یا عملے کے ساتھ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، فیلڈ میں موجود تمام افسران کی انتھک محنت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کے حوالے سے تحفظات وزیر اعلی پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔