شہبازشریف انتخابی اصلاحات پڑھیں پھر ردعمل دیں،وزیر اطلاعات
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف انتخابی اصلاحات کی تجاویز پہلے پڑھ تو اس کے بعد اس پر کوئی ردعمل دیں ، شہباز شریف نے وزیرِ اعظم عمران خان کی انتخابی اصلاحات کی پیشکش مجوزہ انتخابی اصلاحات پڑھنے کی زحمت گوارا کیئے بغیر ہی مسترد کر دیں۔
شہباز شریف کی طرف سے وزیراعظم کی انتخابی اصلاحات تجاویز مسترد کرنے کے ردعمل میں جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ
مسلم لیگ ن کا انتخابی اصلاحات پر مذاکرات سے فرار انتہائی افسوس ناک ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ اصلاحات کا عمل پارلیمان کی بجائے الیکشن کمیشن نے کرنا ہے ظاہر کرتا ہے کہ انہیں نظام کی سمجھ ہے نہ ہی اصلاحات سے کوئی دلچسپی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ ہمیشہ سازش سے برسرِاقتدار آئے ہیں اور سازش سے اقتدار میں آنے والی جماعت کیوں اصلاحات کی بات کرے گی؟
واضح رہے وزیر اعظم نے اپوزیشن کو دعوت دی تھی کہ وہ آئیں مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر بات کرتے ہیں تاکہ آئندہ یہ دھاندلی دھاندلی کا شور ہمیشہ کیلئے ختم ہو ، اس کیلئے انھوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز بھی دی تھی۔
الیکٹرانک ووٹنگ تجویز مسترد، پہلے مہنگائی کا کچھ کریں، اپوزیشن لیڈر
دوسری طرف مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی اور کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کر دیا، الیکشن کمیشن اسے ناقابلِ عمل قرار دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشاء اور اعتماد سے ہوتا ہے، یہ اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاقِ رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے 2018ء میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی اصلاحات کی تھیں، ہمارے دور میں ہونے والی انتخابی اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔