ابوظہبی( ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارا ت میں خاتون کارمکینک کی ورکشاپ کے چرچے سن کر ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد زاید ال نہیان نے سرپرائز کال کرکے خاتون کار مکینک کو حیران کردیا۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں یہ خاتون ھدیٰ المطروشی پہلی اماراتی خاتون کار مکینک ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے راتوں رات شہرت حاصل کی ہے۔
36 سالہ خاتون کار مکینک ابوظبی کے ولی عہد کی طرف سے ٹیلی فونک رابطے پر خوش ہیں اور اسے ناقابل بیان قرار دے رہی ہیں، وہ سمجھتی ہیں یہ بات کسی تمغے سے کم نہیں۔
شیخ محمد زاید ال نہیان نے ھدیٰ المطروشی کو فون کیا اور مزاقاً کہا میرے پاس ایک گاڑی ہے، جو میں آپ کی ورکشاپ پر لانا چاہتا ہوں، پھر ورکشاپ میں سہولیات سے متعلق سوالات بھی کئے۔
مطروشی کی گاڑیوں کی ورکشاپ کھولنے پر ولی عہد نے کار مکینک خاتون سے اپنی گاڑی کے معائنے کے لیے رابطہ کیا اور تفصیلی گفتگو اور مطروشی کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ابوظبی کے ولی عہد نے کار مکینک خاتون سے ورکشاپ سے متعلق مختلف نوعیت کے سوال کیے ،جن میں یہ بھی شامل تھا کہ آپ نے گاڑیوں کی ورکشاپ کب کھولی؟
خاتون کار مکینک ابوظبی کے ولی عہد کے منہ سے اپنی گاڑی کو ورکشاپ لے کر آنے کے الفاظ سن کر ہنس پڑی اور جواباً کہا ، بہتر ہے، میں تیار ہوں، آ جائیں گاڑی لے کر ۔
کار مکینک المطروشی نے شیخ محمد زاید ال نہیان کو بتایا کہ اس کا شوق تو کئی برس تھا، ورکشاپ کھولنے کے حوالے سے کام گزشتہ برس شروع کیا۔
ولی عہد نے کار مکینک خاتون کو مبارک باد دی اور ان کے پروجیکٹ اور اقدام کو وطن عزیز کی دیگر خواتین اور لڑکیوں کے قابل فخر قرار دیا اور کہاکہ میں محنتی افراد کی مدد کیلئے پرعزم ہوں۔
شیخ محمد زاید ال نہیان نے المطروشی سے کہا کہ ٹیلیفونک رابطے میں بات نہیں بنی میں ورکشاپ آوں گا اور تمہارے اہل خانہ سے ملاقات کروں گا۔