کراچی،این اے249میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے
کراچی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )فیصل ووڈا کی خالی کی گئی قومی اسمبلی کے حقلہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے مفتاح اسمٰعیل، تحریکِ انصاف کے امجد آفریدی، پاک سر زمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال، ایم کیو ایم پاکستان کے حافظ مرسلین، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل اور18آزادامیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے،۔
کراچی کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہی اور پولنگ اسٹیشنز میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
این اے 249 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار سے زائد ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 1 ہزار 656 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار 935 ہے۔
حلقے میں 276 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے جن میں سے 184 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 92 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔