عیدپر سیاحتی دوروں کے پروگرام بنانے والوں کیلئے بری خبر
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )عید پر سیاحتی مقامات بند اور سیر کیلئے ان جگہوں پر جانے پر پابندی ہوگی، کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر این سی اوسی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اجلاس میں رمضان اور عید کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے خاص کر عید کی چھٹیوں میں لوگوں کے سیاحت کیلئے سیاحتی مقامات کی طرف رخ کرنے کا معاملا زیر بحث آیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیاکہ عید پر اگر سیاحتی مقامات کھلے رہے تو تمام حفاظتی انتظامات بے سود ثابت ہوں گے کیونکہ ایس او پیز کی پابندی کرانا بھی مشکل ہو جائے گا۔
اہم فیصلوں کے بعدوزارت داخلہ نے رمضان اور عید پرکورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کیاہے جس میں کہا گیاہے کہ اعتکاف،شبقدر،جمعة الوداع اورنمازعید کے لئے ایس او پیز بروقت جاری کئے جائیں۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ عید کی چھٹیوں اور آٹھ سے سولہ مئی کے دوران سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی، سیاحتی مقامات، ریزارٹس، ہوٹل،پبلک پارکس،ریستوران اور شاپنگ مالز بند رہیں گے۔
سیاحتی مقامات بالخصوص مری،گلیات، سوات،کالام،سمندر اور شمالی علاقوں پر خاص توجہ دی جائے گی، عید کی چھٹیوں میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ مقامی افراد کو اپنے آبائی علاقوں کو جانے پر کوئی قدغن نہیں ہے بالخصوص گلگت بلتستان کے لوگوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔