ریڈکریسنٹ کورونا کیئرہسپتال کیلئے ایکسرے مشین کی فراہمی
فوٹو :فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) او جی ڈی ایل ہلالِ احمر کورونا کیئر ہسپتال کیلئے ایکسرے مشین عطیہ کرے گا،مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے.
گزشتہ روز نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تقریب میں ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق اور او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/ سی ای او شاہد سلیم خان نے دستخط کیے۔
اِس موقع پر جناب ابرار الحق نے کہا کہ ہلالِ احمر نے کورونا وباء کے دوران قابلِ ستائش خدمات انجام دیں اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ریکارڈ مدت میں کورونا کیئر ہسپتال قائم کرکے تاریخ رقم کی.
ان کا کہنا تھا کہ اِس ہسپتال سے سیکڑوں مریض شفا یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں، مفت طبّی علاج کے علاوہ متاثرہ افراد کو نفسیاتی امداد کی فراہمی بھی ممکن بنائی گئی۔
ہلالِ احمر کی خدمات کے اعتراف میں حکومت ِ پاکستان نے اِس ہسپتال کو ماس ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ دیا، جہاں آج کل کورونا ویکسی نیشن کا عمل بطریق ِ احسن جاری ہے۔
ابرار الحق نے آر سی سی ایچ کو ایکسرے مشین عطیہ کرنے پر او جی ڈی سی ایل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اِس اَمر کا اظہار کیا کہ جدید مشین کی تنصیب سے تشخیص کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی۔ ایکسرے کی سہولت سے متاثرہ افراد بہم مستفید ہوں گے.
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت میں او جی ڈی سی ایل نے ہمیشہ ہلال ِاحمر کے ساتھ تعاون کیا ہے، او جی ڈی سی ایل نے ایمبولینس فلیٹ کی اَپگریڈیشن میں بھی تعاون کیا ہے۔
او جی ڈی ایل کے سی ای او شاہد سلیم خان نے اِس موقع پر ہلال ِاحمر کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ کمزور طبقات کی بروقت مدد ہلالِ احمر کا طرہ امتیاز ہے، او جی ڈی ایل سی ایس آر سپورٹ کیلئے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
ہلال ِاحمر کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے سفر میں ساتھ دیں گے۔ واضح رہے کہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جدید ترین ایکسرے مشین کیلئے ہلالِ احمر کی 15 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی ہے.
نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تقریب میں قائمقام سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز، ہلالِ احمر اور او جی ڈی سی ایل کے افسران بھی موجود تھے۔