کورونا مریضوں کا رش، پمز اسپتال انتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کردیئے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) کورونا مریضوں کے رش کے باعث اسلام آباد کے پمز اسپتال نے ہاتھ کھڑے کردیئے، وزارت قومی صحت سے کورونا مریضوں کے لیے متبادل اسپتالوں میں انتظامات کرنے کی درخواست کردی گئی۔
اسلام آباد کے پمز اسپتال کی طرف سے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کو ایک خط کے زریعے کورونا مریضوں کے لیے متبادل اسپتالوں میں انتظامات کی درخواست کی کیونکہ پمز میں مقررہ تعداد سے زیادہ مریض داخل ہو چکے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وبائی مرض کے وارڈ اور ایمرجنسی پر شدید دباو ہے، کورونا مریض داخلے کے لیے ایمرجنسی رومز میں انتظار کررہے ہیں، مریضوں میں اضافے کے باعث پمز اسپتال میں آکسیجن پریشر میں کئی گنا اضافہ ہوچکا۔
وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز سے کہا گیا ہے کہ پمز اسپتال میں طے شدہ آپریشن غیرمعینہ مدت کے ملتوی کئے جاچکے، کورونا مریضوں کو دیگر آئی سی یو میں منتقل کیا جائے گا۔
پمز انتظامیہ کے خط میں کہا گیا کہ آکسیجن پریشر برقرار رہ سکنے والے آئی سی یو میں کورونا مریض منتقل کئے جائیں گے، وزرات قومی صحت سے درخواست ہے وفاق کی دیگر طبی سہولیات کو مضبوط کرے۔
اسلام آباد کے پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد 150 ہے، اسپتال ایمرجنسی میں 30 مریض بیڈز کے انتظار میں ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ کوروناکے مریضوں کے علاج کے لیے دیگر طبی مراکز میں سہولیات بڑھائی جائیں، اس وقت اسپتال میں 9 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ متاثرہ مریضوں کی اکثریت ہائی فلو آکسیجن پر ہے۔