سعد رضوی سمیت 210 مقدمات ختم نہیں ہوں گے، وزیر داخلہ
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرا ر دیے جانے کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہے اور وہ 30 دن میں ایسا کرسکتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کہاکہ حالیہ دنوں میں سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار 650 سے زائد افراد کو رہا کیا جاچکا جب کہ سعد رضوی پرمقدمے سمیت 210 ایف آئی آر قانونی عمل سے گزریں گی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ سعد رضوی کی ابھی رہائی نہیں ہوئی، وہ 302 اور 7 اے ٹی اے کے تحت گرفتار ہیں، اور ٹی ایل پی نے کسی کی رہائی کی بات بھی نہیں کی، سعدرضوی سمیت 210 ایف آئی قانونی مرحلے سے گزریں گی.
ٹی ایل پی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے، ٹی ایل پی سیاسی جماعت ہے اور 2018 کے انتخابات میں پنجاب کی تیسری بڑی پارٹی تھی، ان کے پاس اپیل کا حق موجود ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سراج الحق نے مذاکرات کامشور ہ دیا ان کا مشکور ہوں، لیکن مولانا فضل الرحمان نے سمجھا کہ شاید ان کی لاٹری نکل آئی ہے، جو بھی کرتے ہیں ان کو الٹا پڑتاہے، 20 اپریل کو 7 گھنٹے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے بعد معاملات طے پا گئے.
وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا گیا، قرارداد میں فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے پر بحث بھی شامل تھی، لیکن شاہد خاقان عباسی نے غلط الفاظ استعمال کئے وہ لگتے نہیں کہ وزیراعظم رہے ہیں، اپنی سیاسی زندگی کے سب سے نازیبا الفاظ دیکھے۔
وزیرداخلہ نے کہا ایسا قانون لاناچاہتے ہیں جو کسی کے فرقے کو چھیڑے نہیں اور اپنا فرقہ چھوڑے نہیں، محرم، عید میلاد النبی سمیت تمام ایونٹ پر مسائل پیدا ہوتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی.
انھوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے سارے معاملے میں زبردست کام کیا، بھارت اور دیگر امن دشمن ممالک ہمیں فیٹف کے بلیک لسٹ میں دیکھنا چاہتے ہیں، کوشش کریں گے کوئی ایک پالیسی لائیں، جو شخص قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ برطانیہ سے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنےکا مطالبہ کیا ہے، برطانوی کمشنر نے کہا کہ آپ حوالگی کے لیےدرخواست دیں لیکن کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔