کابینہ میں تبدیلیاں، حماد مہمان ثابت ہوئے، شوکت ترین وزیر خزانہ

0


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی کابینہ میں حکومت نے ایک بار پھر ردو بدل کرتے ہوئے چند دن قبل بنائے گئے وزیر خزانہ حماد اظہر کو ہٹا کر وزارت خزانہ کا قلمدان شوکت ترین کے حوالے کردیاہے۔

وزیراعظم نے چند روز قبل ہی عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے حماداظہر کو نیا وزیر مقرر کیا تھا جس کے بعد ہی شوکت ترین کے وزیر خزانہ بننے کی خبریں گردش کر رہی تھیں جن کی پہلے حکومتی ذرائع تردید بھی کرچکے تھے۔

بطور وزیر خزانہ حماد اظہر پر عملاً حکومت کی طرف سے عدم اعتماد کیا اظہار کرتے ہوئے ان سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیاہے اور انھیں وزیرتوانائی بنادیا گیا ہے جبکہ چند روز قبل تک معیشت پر تنقید کرنے والے شوکت ترین کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیاگیا ہے۔

وزیراعظم نے عمر ایوب کی کارکردگی کی بھی تعریف کی تھی تاہم اب عمرایوب سے بھی وزارت توانائی کا چارج واپس لے کر وفاقی وزیراقتصادی امور بنادیاگیا جبکہ شبلی فراز کوفواد چوہدری کی وزارت سائنس وٹیکنالوجی دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر فواد چوہدری پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے انھیں وزارت اطلاعات کاقلمدان دے دیا ہے شبلی فراز اور فردوس عاشق کو آزمائے جانے کے بعد قوی امید ہے کہ فواد چوہدری اب وزارت اطلاعات و نشریات پر قائم رہیں گے۔

اس سے قبل سینیٹر شبلی فراز نے کہاتھا کہ وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے تاہم اس بار حماد اظہر کو وزارت خزانہ سے ہٹائے جانے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے، حفیظ شیخ کی طرح شوکت ترین بھی پیپلز پارٹی دور میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.