پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کو دعوت نہیں دی گئی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس مولانا فضل الرحمٰن نے آج اسلام آباد میں طلب کر لیا، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو دعوت نہیں دی گئی.
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کا اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہوگا، جس میں 8 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیاتھا جبکہ شوکاز پر اے این پی بھی نالاں ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی مزاحمت کرتے ہیں۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوٹس دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا تھا کسی ایک جماعت کا نہیں۔ ردعمل پر کیا طے کرنا ہے، یہ مولانا فضل الرحمٰن کی دانشمندی اور قیادت پر چھوڑتے ہیں.
بلاول بھٹو کے خط کا جواب مولانا دیں گے، پی ڈی ایم میں بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے، دوسری طرف شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ میرا خط پھاڑکر پھینکا گیا ہے تو میرا جواب بھی ہے خدا حافظ۔
انہوں نے کہا کہ جو جماعت اپنی زبان سے پھر جائے وہ پی ڈی ایم میں نہیں رہ سکتی، پیپلز پارٹی ہمیں وضاحت دیتی اور اپنی مجبوری بتاتی کہ اسے کرسی چاہیے تھی۔