پیپلز پارٹی کے ردعمل کا معاملا مولانا پر چھوڑتے ہیں، مریم نواز
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام )مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا تھا نوٹس کے ردعمل پرکیا طے کرنا ہے یہ مولانا فضل الرحمان پر چھوڑتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے کاز پر کاربند ہیں اور پی ڈی ایم کی جدوجہد پاکستان کی سمت درست کرنے کا کاز ہے ۔
انھوں نے کہا کہ نوٹس کے ردعمل پرکیا طے کرنا ہے یہ مولانا فضل الرحمان کی دانشمندی اور قیادت پر چھوڑتے ہیں، پی ڈی ایم میں بیٹھ کرفیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ جس کی سیاست ختم ہونے کا دعوے کرتے تھے اس نے لندن بیٹھ کر ان کو ہرا دیاہے،ن لیگ نے ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور ڈسکہ کی فتح حاصل کی جو کہ بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ اور یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کردیا اب جس دن ان کی حکومت نہیں رہی یہ انتخابی مہم کے بھی قابل نہیں ہوں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے جب کہ حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کررہے ہیں اور دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں، یہ جہانگیرترین کانمک کھارہے تھے اور جہاز استعمال کررہے تھے اس وقت تک وہ شوگر مافیا نہیں تھے؟ اب شوگر مافیا ہو گیاہے۔