بلاول بھٹو نے نوٹس پھاڑ کر اچھی حرکت نہیں کی، مسلم لیگ ن
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پی ڈی ایم کا نوٹس پھاڑنے پرمسلم لیگ (ن) کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے ن لیگ کے صوبائی صدر راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس پھاڑ کر اچھی حرکت نہیں کی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ بات غلط ہے کہ (ن) لیگ پی ڈی ایم کو ٹیک اوورکرنا چاہتی ہے ، پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوئے.
انھوں نے کہا کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس پھاڑ کر اچھی حرکت نہیں کی، انہوں نے جو عمل کیا وہ میری نظر میں مناسب نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ لینا بے اصولی ہے، قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لئے پیپلز پارٹی حکومتی اراکین کے ووٹ نہیں لے سکتی.
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ اسی بے اصولی سے بات بگڑی ہے، پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک جاری رکھے گی موجودہ سلیکٹڈ ٹولے کی پالیسی انتقام کے سوا کچھ نہیں ہے.
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے اب اپنوں سے بھی انتقام لینا شروع کردیا ہے، سلیکٹڈ ٹولہ جلد اپنے انجام کو پہنچے گا، خوشاب کے عوام بھی انتقامی پالیسیوں کو مسترد کردیں گے۔