وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان کا نیا شیڈول جاری
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان کے گلگت بلتستان کے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم اب 12 اپریل کو گلگت بلتستان جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے 5 اپریل کوگلگت بلتستان جانا تھا مگر موسم کی خرابی کے باعث 5 اپریل کو وزیراعظم نہیں جاسکے تھے۔
وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے، جبکہ دورے پر اسد عمر، علی امین گنڈا پور اور امین الحق بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی گلگت بلتستان کابینہ ارکان و دیگر حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی قانون ساز اسمبلی کی قرارداد پر بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم گلگت بلتستان کے لیے 275 ارب کے تاریخی پیکیج کا اعلان کریں گے۔
گلگت بلتستان کے لیے انفرااسٹرکچر، سیاحت، توانائی سوشل ویلفیئر پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، وہ گلگت بلتستان کو تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔
پیکیج کے تحت گلگت بلتستان میں یوتھ اور ویمن ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔گلگت بلتستان کے لیے نئے گِرڈ اسٹیشنز کی تعمیر بھی پیکیج میں شامل ہے۔
وزیراعظم کے دورے کے دوران گلگت بلتستان میں کلین انرجی، ہائیڈرو پاور، صحت کارڈ پروگرام کا اعلان بھی کیا جائے گاجب کہ سرکاری ملازمین کے لیے پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام بھی پیکیج کا حصہ ہے۔