اے این پی کے بعد پیپلز پارٹی بھی تیار، پی ڈی ایم آرپار
پشاور( زمینی حقائق ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی نے شوکاز ملنے پر مشتعل ہو کر پی ڈی ایم چھوڑنے کااعلان کردیا ، پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی سخت جواب ملنے کی توقع ہے ۔
عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس پر اہم اجلاس پشاور میں ہوا جس میں شوکاز نوٹس پر مشاورت کے بعد اپوزیشن اتحاد سے علحیدگی کا فیصلہ کیا گیا جس کا اعلان بعد میں مرکزی سینئر صدر امیر حیدر ہوتی اور دیگر رہنماوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔
اس موقع پرامیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھاکہ کسی جماعت یا فرد کو اختیار نہیں کہ وہ اے این پی کو شوکاز نوٹس دے، ہم وضاحت کیلئے تیار تھے لیکن اجلاس نہیں بلایا گیا اس لئے اے این پی نے راہیں جدا کرنے کافیصلہ کیاہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر یہ وضاحت اتنی ہی ضروری تھی تو پھر پنجاب میں بلا مقابلہ جیتنے پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی، لاڑکانہ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں اتحاد ہوگیا ہے تو اس پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی۔
امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھاکہ اس شوکاز کا واضح مطلب ہے کہ یہ ہماری ساکھ کو متاثر کرنا چاہ رہے ہیں ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے، کیا جلدی تھی اس نوٹس کی؟ مولانا کے صحتیاب ہونے کا انتظار کرتے اور بعد میں اجلاس بلالیتے۔
انھوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ کچھ جماعتیں اپنے مقاصد کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کرنا چاہتی ہیں، ہم طویل مشاورت کے بعد اس نتیجے میں پر پہنچے ہیں کہ ذاتی ایجنڈے کی حصول کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کیا جارہا ہے۔
امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ جنہوں نے شوکاز نوٹس دیا، انہوں نے خود ہی پی ڈی ایم کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے، میں نے نائب صدر اور میاں افتخار نے ترجمان اور دیگر رہنماؤں نے پی ڈی ایم کے عہدے چھوڑ دیے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہمارے سینیٹرز نے پارٹی صدر کی اجازت سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا، ابہام تب ہوتا جب ہمیں پتہ نہ ہوتا آپ کی طرح کہ ووٹ کدھر گئے ہیں۔