ہری پور، ڈکیتی کے 4 ملزمان اور کارلفٹر گرفتار، 4 گاڑیاں برآمد
ہری پور(یاورحیات )نور کالونی میں ہونے والی ڈکیتی میں ملوث 4ملزمان کو گرفتارکرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا، بین الاضلاعی کار لفٹر گروہ کا ایک سرغنہ سابق پولیس ملازم بھی گرفتار کرکے 4 کاریں اور 3موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے۔
ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور مجیب الرحمان، ایڈیشنل ایس پی ہری پور محمد آیاز، ڈی ایس پی ہیڈکواٹر امجد حسین اور ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ نے ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی برآمد گی سے متعلق میڈیا کو تفصیلات بتائیں.
پولیس حکام کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مختلف مشتبہ افراد سے تفتیش کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹا ریکارڈ اور اپنی معلومات کے مطابق کارروائی کی گئی.
شک کی بناء پر ہمراہ لیڈی کنسٹیبلان کے مسمات (ف) ذوجہ سردار سکنہ نسیم ٹاون ہری پور کو حراست میں لے کر انٹاروگیٹ کیا ۔ دوران انٹاروگیشن نور کالونی ڈکیتی کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ملزمان کا انکشاف کیا.
تفتیشی ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران دیگر 3 ملزمان ساگر ولدمشتاق مسیح، شاہ دامن ولد جمیل مسیح اور شان عرف شانی ولد بوٹا مسیح ساکنان اسلام آباد کو گرفتار کر کے واردات میں استمال ہونے والا پستول 30 بور اور ڈکیتی میں لوٹی ہوئی رقم مبلغ 20 ہزار روپے اور 1 ہار سیٹ طلائی زیورات برآمد کرلیا۔
ایک اور کامیاب کاروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ نے ہمراہ دیگر تفتیشی ٹیم اور نفری پولیس کے بین الاضلاع کارلفٹر گروہ کا ایک سرغنہ عصمت اللہ ولد یاسین سکنہ جلالہ مردان کو گرفتار کیا.
ابتدائی تفتیش کے دوران دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا. ملزم سے 04 عدد گاڑیاں از قسم مہران موٹر کار اور 03 عدد موٹر سائیکل ہنڈا 125 برآمد کرلئے گئے.
دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کاروائیاں جاری ہیں۔ جلد ہی دیگر ملزم/ملزمان کو مقدمہ میں گرفتار کرلیا جائے گا. مقدمہ میں میرٹ پر تفتیش کا عمل جاری ہے.