پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں3وکٹوں سے ہرادیا
سنچورین(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسب مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو3وکٹوں سے ہرا کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بناسکی۔
جنوبی افریقا کے وان ڈرڈیوسن 123 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2، 2 اور فہیم اشرف اورمحمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخر زمان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
امام الحق 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ محمد رضوان نے 40 اور شاداب خان نے بھی 33 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے 274 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے انرچ نورجی نے 4، پھلکوایو نے 2 اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آخری اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 3رنز درکار تھے لیکن فہیم اشرف نے پہلی تین بالز ڈاٹ کھیل کر میچ میں سنسنی خیزی پیدا کردی تاہم پہلے ڈبل رنز لے کر اور پھر چوکا مار کر انھوں نے ٹیم کو فتح دلا دی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے 4 اور تیسرا 7 اپریل کو شیڈول ہے۔ جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پروٹیز کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں 1992 ورلڈکپ مقابلے کے بعد سے 79 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔
جنوبی افریقا نے 50 میچوں میں فتح سمیٹی اور پاکستان کو صرف 28 مقابلوں میں جیت ملی، جبکہ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا تھا.