مریم نواز کی پیشی، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دینگے، وزیراعظم

0


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آج اسلام آباد میں حکومت کی میڈیا ٹیم نے وزیراعظم سے ان کی رہائش گاہ پر کورونا ایس او پیز کے مطابق ملاقات کی ، وزیراعظم ان دنوں کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں ہیں۔

میڈیا ٹیم نے وزیراعظم کو ملکی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی ،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کی پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، رول آف لاء کو ہر صورت برقرار رکھنا ہو گا، جس ملک میں قانون کی حکمرانی آور آئین کی بالادستی نہ ہو وہ کیسے آگے بڑھ سکتا ہے، اس ملک میں جنگل کا قانون نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ادارے بلائیں تو جلوس لے کر جانا نا قابل قبول ہے، انفرادی طور پر قانون کا احترام سب پر لازم ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کے لیے حکومت نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم نواز کو لاہور ہائی کورٹ پہلے ہی گرفتار کرنے سے منع کرچکی ہے جب کہ نیب کی طرف سے مریم نواز کے ساتھ آنے والوں کو روکنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔

عدالت نے یہ کہہ کر نیب کی درخواست مسترد کردی ہے کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر انتظامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور جو خلاف ورزی کرے گا قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.