زرداری کی تقریر لیک کیوں ہوئی؟ ن لیگ،استعفے مشروط کیوں؟ پیپلز پارٹی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پی ڈی ایم اجلاس میں آصف زرداری کی تقریر کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماوں کی طرف سے سوالات اٹھانے اور وضاحتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء لله نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اس بات کاجواب دینا پڑے گا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس کے دوران ہی سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر ٹی وی پر لیک ہوگئی تھی۔
رانا ثناء لله کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے آصف علی زرداری کو بروقت جواب دیا۔ مولانا فضل الرحمٰن بھی اسی بات پر زیادہ ناراض ہوئے اور وہ پریس کانفرنس میں نہیں آنا چاہتے تھے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس بات کی جواب دہی کرنی پڑے گی کہ تقریر کس نے لیک کی ہے یہ بھی کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کس سے غلطی ہوئی؟
دوسری طرف سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، ڈیل ہوتی تو کیا یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہار جاتے؟
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ لانگ مارچ کیساتھ استعفوں کو جوڑنا اضافی بات ہے، پی ڈی ایم میں دراڑوں اور اختلافات کا تاثر مسترد کردیا،بولے کہ پی ڈی ایم استعفوں کے معاملہ پر پیپلزپارٹی کے سوالات کے اطمینان بخش جوابات نہیں دے سکی۔