اسفندیار ولی کورونا میں مبتلا، ولی باغ میں تمام سرگرمیاں معطل

0

چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ولی باغ چارسدہ میں تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

رکن اسمبلی ثمر ہارون بلورنے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسفندریارولی خان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے جو مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے.

پارٹی ترجمان اور رکن اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کچھ دیر قبل اعلان کیا ہے کہ اے این پی خیبر پختونخوا کی تمام ہونے والی میٹنگز منسوخ کردی گئی ہیں۔

ثمرہارون بلور نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں بتایا ہے کہ منسوخ کی جانے والی میٹنگز میں دی غنی میلہ بھی شامل ہے۔

ولی باغ چارسدہ میں تمام سرگرمیاں معطل کرنے کااعلان اے این پی کے مرکزی نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کی طرف سے کیا گیا ہے اور اسفند یار کی طبیعت ناساز ہونے کا بھی بتایا ہے.

صوبہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے ’ٹوئٹر‘ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسفندیارولی خان کی طبیعت گزشتہ چار پانچ روز سے ناساز تھی جس پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

اے این پی کے مرکزی نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کے مطابق اب ان کی حالت بہتر ہوچکی ہے تاہم ولی باغ چار سدہ میں تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما امیر حیدر خان ہوتی کے مطابق پوری قوم سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انشا اللہ اسفندیار ولی خان جلد صحتیاب ہوں گے انہوں نے عوام اور کارکنان سے کہا ہے کہ وہ مطمئن رہیں اور دعا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.