امریکی رکاوٹ،ترکی پاکستان کو گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم نہ کرسکا

0

فوٹو: انا طولو ایجنسی


اسلام آباد( ویب ڈیسک) امریکہ نے ترکی کو30 گن شپ ہیلی کاپٹرز پاکستان کو دینے سے روک دیا ہے اور اس کی تصدیق ترکی کے صدارتی ترجمان نے کی ہے۔

اس حوالے سے ڈان اخبار نے بلو مبرگ نیوز کا حوالہ دے کر خبر دی ہے کہ یہ 30ہیلی کاپٹر ترکی میں ہی تیار کئے جانے تھے تاہم امریکہ نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ انھیں پاکستان کے حوالے نہ کرے۔

رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘امریکا نے پاکستان کو ترکی کے ہیلی کاپٹرز کی فروخت روک دی ہے، جس کی وجہ سے اب اسلام آباد یہ چین سے خریدے گا۔

اے ٹی اے کے ٹی 129 اگسٹا اے 129 منگسٹا پلیٹ فارم پر مبنی دو انجن، ٹینڈم سیٹ، ملٹی رول، آل ویدر اٹیک ہیلی کاپٹر ہے اور امریکی انجنوں سے لیس ہے، رپورٹ میں کہاگیاہے کہ امریکا ایل ایچ ٹی ای سی انجن کے لیے ایکسپورٹ کلیئرنس روک رہا ہے۔

ابراہیم کلن نے کہا کہ اس رکاوٹ سے امریکی مفادات کو زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے،ترکی اور پاکستان نے جولائی 2018 میں ترکی ساختہ ہیلی کاپٹر گن شپ کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ان ہیلی کاپٹرز میں انجن امریکی کمپنی کے ہیں اور پینٹاگون کی جانب سے ترک کمپنی کو انجنز کا ایکسپورٹ لائسنس جاری کرنے سے انکار کے بعد اس کی فراہمی کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی تھی۔

ترک عہدیدار کی جانب سے پاکستان کو ہیلی کاپٹر دینے سے متع کرنے کا حوالہ اس بریفنگ میں سامنے آیا جب صحافیوں کو بتایا گیا کہ کیوں
انقرہ نے روس سے ایس-400 میزائل خریدنے کا فیصلہ کیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ ترکی روسی میزائل خریدنے پر مجبور ہوا کیونکہ واشنگٹن نے انقرہ کو موثر شرائط پر پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایک یورپی ادارے اگسٹا ویسٹ لینڈ کی شراکت سے ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) کا تیار کردہ اے ٹی اے کے ٹی 129 ہیلی کاپٹر دن اور رات، گرم اور سرد دونوں حالات میں حملے اور جاسوسی مشن کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ واشنگٹن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات سے چند روز قبل امریکا نے جولائی 2019 میں پہلی رکاوٹ کا اعلان کیا تھا۔

امریکی رکاوٹ کے بعد ہی جنوری 2020 میں ترکی کی دفاعی صنعت (ایس ایس بی) کے سربراہ نے کہا تھا کہ انقرہ اور اسلام آباد نے ترسیل کے معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے تاکہ ہموار ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

ترکی کی طرف سے معاہدہ پر عمل میں نہ کرسکنے کی وجہ سے پاکستان کو چینی زیڈ 10 ہیلی کاپٹر خریدنے کا اختیار مل گیا ہے تاہم ترک میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ترک ساختہ ٹی 129 اے ٹی اے سی ہیلی کاپٹر ابھی بھی پاک فوج کی شاپنگ لسٹ میں شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.