وزیراعظم عمران نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ، 178ارکان نے وزیراعظم پر اعتماد کااظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس میں وزیراعظم پر اعتماد کے ووٹ دیا، حکومت اور اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور ق لیگ سمیت 180 سے زائد ممبران اجلاس میں شریک ہوئے۔
جماعت اسلامی کے رکن مولانا اکبر چترالی اور پی ٹی ایم کے رکن محسن داوڑ بھی اجلاس میں شریک ہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اس کے ارکان اجلاس میں شریک نہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم پر اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان دستور کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے مطابق وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔
ووٹنگ کے لیے ایوان کی ڈویژن کی گئی جس سے قبل 5 منٹس کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ تمام ارکان کے ایوان میں آنے کے بعد قومی اسمبلی ہال کی تمام لابیاں مقفل کردی گئیں۔
وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے والے اسپیکر قومی اسمبلی کی دائیں جانب لابی میں ڈویژن نمبر کے ساتھ چلے گئے۔ عدم اعتماد والے ارکان اسپیکر کی بائیں جانب والی لابی میں ڈویژن نمبر کے ساتھ جاسکتے ہیں۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھی 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں،بعد میں اسپیکر قومی اسمبلی گنتی کے بعد نتیجے کا اعلان کیا۔ نتیجے کے اعلان کے بعد اب صدر مملکت کو تحریری طور پر نتیجہ ارسال کیا جائے گا ۔
اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بینرز اٹھائے ہوئے ہیں جن پر نواز شریف اور آصف زرداری کی تصاویر کے ساتھ نوٹ کو عزت دو کا نعرہ درج ہے۔ حکومتی ممبران نے اپوزیشن بنچوں پر نوٹ کو عزت دو کے کتبے رکھ دیے۔