اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ چھ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد کی طرف سے197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے کیا، فل سالٹ پہلے ہی اوورز کی دوسری گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم نے وکٹ حاصل کی۔
اگلے اوور میں محمد عامر نے کپتان شاداب خان کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا اس کے بعد الیکس ہیلز اور فہیم اشرف کے درمیان 27 گیندوں پر 62 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ اس پارٹنر شپ کا اختتام وقاص مقصود نے کیا.
ایلکس ہیلز 75 کے مجموعی سکور پر 46 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ اس سے اگلے اوور میں فہیم اشرف 25 سکور بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
176 پر حسین طلعت کو محمد نبی نے ایل بھی ڈبلیو کر دیا انھوں نے رنز بنائے، آصف علی نے آتے ہی چھکے سے آغاز کیا پھر میچ جتوا کر افتخار کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے.
اسلام آباد یونائیٹڈ 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں 197 رنز کا ہدف حاصل کر لیا،آصف علی 9 بالز پر 21 اور افتخار 49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے.
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان عماد وسیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے ٹیم کی طرف سے پہلا اوور کرایا۔
دونوں بیٹسمین نے شروع سے محتاط انداز اپنایا تاہم 9 ویں اوورز میں شرجیل خان نے حریف ٹیم کے کپتان شاداب خان کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگائے۔ لیفٹ ہینڈ اوپنر بیٹسمین نے 32 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔
شرجیل خان اور بابر اعظم کے درمیان سنچری سکور کی شراکت داری بنائی۔ دونوں بیٹسمینوں نے وکٹ کے چاروں اطراف جاندار شارٹس کھیل کر یونائیٹڈ کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔
کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم کو دو جبکہ شرجیل خان کو ایک موقع ملا جب دونوں بیٹسمین آؤٹ ہوئے تو باؤلرز کی گیند کو نوبال قرار دیا گیا۔2 بار گیند حسین طلعت جبکہ ایک بار محمد وسیم نے نو بال کرائی۔
اوپنر شرجیل خان نے 17 ویں اوورز کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر اپنی پی ایس ایل میں دوسری سنچری بنائی۔ تھری فیگر اننگز میں انہوں نے 8 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 176 سکور پر گری، بابر اعظم 62 سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ حسن علی نے شرجیل خان کی اننگز 105 پر ختم کر دی۔
کراچی کنگز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 196 رنز بنائے ہیں۔ ڈینیل کرسچن 12 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔